ابو حذیفہ

ابو حذیفہ غزوہ بدر میں شریک صحابی تھے۔ ابو حذیفہ کنیت ہے۔

ابو حذیفہ
عربی:أبو حذيفة بن عتبة
ابو حذيفہ بن عتبہ بن ربيعہ
 

معلومات شخصیت
مقام پیدائش مكہ
وفات سنہ 633  
جنگ یمامہ
زوجہ سہلہ بنت سہیل بن عمرو
اولاد محمد بن ابی حذیفہ
والد عتبہ بن ربیعہ  
بہن/بھائی
رشتے دار والد: عتبہ بن ربيعہ
والدہ: فاطمہ بنت صفوان بن امیہ
بھائی: الوليد بن عتبہ بن ربيعہ، ہند بن عتبہ
عملی زندگی
پیشہ سائنس دان  

نام ونسب

ہشیم نام، ابوحذیفہ کنیت،والد کانام عتبہ اوروالدہ کا نام ام صفوان تھا، پورا سلسلہ نسب یہ ہے : ابو حذیفہ بن عتبہ بن ربیعہ بن عبد شمس بن عبد مناف بن قصی القرشی۔ سردار قریش عتبہ بن ربیعہ کے فرزند تھے۔ جو غزوہ بدر میں قریش کا سپہ سالار تھا اور اسی جنگ میں مارا گیا۔

اسلام

ابوحذیفہ کے والد عتبہ ان ذی اثر رؤسائے قریش میں تھے جنہوں نے اسلام کی مخالفت میں اپنی پوری طاقت صرف کردی تھی، لیکن خود عتبہ کے لختِ جگر ابوحذیفہ نے اسلام قبول کیا۔ آنحضرت ﷺ اس وقت تک ارقم بن ابی الارقم کے مکان میں پناہ گزین نہیں ہوئے تھے۔

ہجرت

ابوحذیفہ سرزمین حبش کی دونوں ہجرتوں میں شریک تھے، ان کی بیوی سہلہ بنت سہیل بھی رفیقِ سفر تھیں، چنانچہ محمد بن ابی حذیفہ حبش ہی میں پیدا ہوئے تھے۔[1]حبش سے مکہ واپس آئے، یہاں ہجرت کی تیاریاں ہو رہی تھیں، اس بنا پر اپنے غلام سالم کو ساتھ لے کر مدینہ پہنچے اورعباد بن بشرکے مہمان ہوئے، آنحضرت ﷺ نے ان دونوں میں باہم مواخات کرادی۔[2]

غزوات

عہدِ نبوی ﷺ کے تمام اہم مشہور معرکوں میں جوش وپامردی کے ساتھ سرگرم کارزار تھے،خصوصاً غزوۂ بدر میں کیسا عبرت انگیز منظر تھا، جب کہ ایک طرف سے ان کے والد اور دوسری طرف سے یہ جوہر شجاعت دکھا رہے تھے، انہوں نے اپنے والد کو مقابلہ کے لیے للکارا ان کا والد مقتول ہوا تو ابو حذیفہ کا چہرہ نہایت اداس دیکھ کر رسول اللہ نے پوچھا، ابوحذیفہ شاید تم کو اپنے باپ کا کچھ افسوس ہے، عرض کیا خدا کی قسم نہیں، مجھے اس کے مقتول ہونے کا صدمہ نہیں ہے ؛لیکن میرا خیال تھا کہ وہ ایک ذی عقل پختہ کار و صاحب رائے شخص تھا اس بنا پر امید تھی کہ وہ دولتِ ایمان سے فائدہ اٹھائے گا؛ لیکن جب کہ حضورﷺ نے حالت کفر پر اس کے مرنے کا یقین دلادیا تو مجھے اپنے غلط توقع پر افسوس ہوا۔[3]

شہادت

ابوبکر صدیق کے عہد خلافت میں مسیلمہ کذاب کے خلاف جنگ یمامہ میں شریک ہوئے اور اسی جنگ میں بعمر 54 سال شہادت پائی۔ [4]

حوالہ جات

  1. اسد الغابہ:5/170
  2. استیعاب تذکرہ ابوحذیفہ
  3. سیرت ابن ہشام :1/369
  4. الطبقات الكبرى المؤلف: أبو عبد الله محمد بن سعد المعروف بابن سعد الناشر: دار الكتب العلمية - بيروت
This article is issued from Wikipedia. The text is licensed under Creative Commons - Attribution - Sharealike. Additional terms may apply for the media files.