رافع بن مالک
رافع بن مالک ایک صحابی رسول تھے۔ کنیت ابو ملک و ابورفاعہ شہداء احد میں سے ہیں۔
نام ونسب
رافع نام، ابو مالک وابو رفاعہ کنیت، قبیلہ خزرج سے ہیں، نسب نامہ یہ ہے،رافع بن مالک بن العجلان بن عمرو بن عامر بن زریق بن عامر بن عبد حارثہ بن مالک بن غضب بن جشم بن خزرج۔
اسلام
انصار مدینہ میں سب سے پہلے جس گروہ نے آنحضرت کی قیام گاہ پر حاضر ہو کر اسلام قبول کیا ان میں سے سے پہلے شخص حضرت رافع تھے۔ آپ بنو زریق کے نقیب مقرر کیے گئے۔ اور اشاعت اسلام میں بڑی سرگرمی دکھائی۔ بنی زریق کی مسجد میں سب سے پہلے قرآن پاک آپ نے پڑھایا۔ جو سورۃ نازل ہوتی آپ فوراً لکھ کر لوگوں کو سناتے۔ غزوہ احد میں شہید ہوئے۔
غزوات
رافع کی اسلامی زندگی کے دوران میں صرف دو لڑائیاں پیش آئیں، بدر اوراحد، بدر میں ان کی شرکت مشکوک ہے،ابن اسحاق نے ان کو اصحاب بدر میں شمار نہیں کیاہے اور موسیٰ بن عقبہ نے امام بن شہاب زہری سے نقل کیا ہے کہ وہ شریک تھے،اس باب میں بہترین حکم خود ان کا قول ہو سکتا ہے، بخاری کی جو عبارت ہے کہ "مجھے یہ خوش نہیں آتا کہ عقبہ کے مقابلہ میں میں بدر میں شریک ہوتا "اس قول سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شریک بدر نہ تھے۔