احمد پرویز

احمد پرویز (پیدائش: 7 جولائی 1926ء - وفات: 5 اکتوبر 1979ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ مصور تھے۔ وہ تجریدی مصوری میں مہارت رکھتے تھے۔

احمد پرویز
معلومات شخصیت
پیدائش 7 جولا‎ئی 1926  
راولپنڈی  
وفات 5 اکتوبر 1979 (53 سال) 
کراچی  
شہریت پاکستان  
عملی زندگی
پیشہ مصور  
اعزازات

حالات زندگی

احمد پرویز 7 جولائی 1926ء کوراولپنڈی، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔[1][2]۔ انہوں نے اپنی تعلیم سینٹ جوزف کالج بارہ مولا اور گورڈن کالج راولپنڈی میں حاصل کی۔ 1952ء میں ان کی مصوری کی پہلی نمائش جامعہ پنجاب لاہور کے فائن آرٹس ڈپارٹمنٹ میں منعقد ہوئی جسے اہلِ فن نے بے حد سراہا۔ 1955ء سے 1964ء تک کا عرصہ انہوں نے لندن میں اور پھر1966ء سے 1969ء تک کا عرصہ نیویارک میں بسر کیا۔ احمد پرویز تجریدی مصوری میں ایک علٰیحدہ اور منفرد اسلوب کے مالک تھے۔ زندگی کے آخری دورمیں انہوں نے اپنے لیے گلدان اور پھول کے موضوع کا انتخاب کیا تھا اور اس موضوع پر لاتعداد تصویریں بنائی تھیں۔ تیز اور شوخ رنگ ان کی مصوری کی ایک خاص شناخت تھے اور شاید ان کی ذات کا اظہار بھی۔[1]

اعزازات

حکومت پاکستان نے احمد پرویز کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں 1978ء میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی کا اعزاز عطا کیا[1]۔ پاکستان پوسٹ نے 14 اگست، 2006ء کو پاکستان کے 10 عظیم مصوروں پر مبنی 40 روپے مالیت کی ڈاک ٹکٹ شیٹ کا اجرا کیا، ان میں احمد پرویز بھی شامل تھے۔[3]

وفات

احمد پرویز 5 اکتوبر 1979ء کو 53 سال کی عمر میں کراچی، پاکستان میں وفات پا گئے۔[1][2]۔ وہ کراچی کے سوسائٹی قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔[1]

حوالہ جات

  1. عقیل عباس جعفری، پاکستان کرونیکل، ورثہ پبلی کیشنز کراچی، 2010ءص 484
  2. جوناتھن ایم بلوم / شائلا ایس بی، دی گروو انسائیکلوپیڈیا آف اسلامک آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر (جلد اول)، اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس نیویارک، 2009ء، ص 109
  3. 2006 اسٹامپس، پاکستان پوسٹ
This article is issued from Wikipedia. The text is licensed under Creative Commons - Attribution - Sharealike. Additional terms may apply for the media files.