ایشوریا رائے

ایشوریا رائے (پیدائش یکم نومبر 1973) جو اپنے ازدواجی نام ایشوریا رائے بچن سے بھی جانی جاتی ہے ایک ہندوستانی اداکارہ، ماڈل اور مس ورلڈ 1994 کی فاتح ہے۔ اپنے کامیاب ترین فنی سفر میں وہ ہندوستان کی مشہور ترین اور بااثر ترین سیلیبرٹییوں میں سر فہرست رہی ہے۔[3] ایشوریا نے بے شمار اعزازات جیتے جن میں گیارہ دفعہ فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی اور دو مرتبہ یہ اعزاز جیتا اور حکومت ہند نے 2009 میں ایشوریا کو پدما شری ایوارڈ سے نوازا جبکہ 2012 میں حکومت فرانس نے اسے آرڈر ڈیس آرٹس ایٹ ڈیس لیٹرز کا اعلی ترین اعزاز عطا کیا۔ میڈیا نے اسے دنیا کی حسین ترین خاتون کا لقب دیا۔

ایشوریا رائے
(انگریزی میں: Aishwarya Rai)،(تولو میں: ಐಶ್ವರ್ಯ ರೈ) 
، ،  

معلومات شخصیت
پیدائشی نام (انگریزی میں: Aishwarya Rai) 
پیدائش 1 نومبر 1973 (46 سال)[1] 
منگلور  
رہائش ممبئی  
شہریت بھارت  
قد 170 سنٹی میٹر  
مذہب ہندومت [2] 
شوہر ابھیشیک بچن (20 اپریل 2007–) 
تعداد اولاد 1  
عملی زندگی
مادر علمی ممبئی یونیورسٹی  
پیشہ فلم اداکارہ ، ماڈل ، شریک مقابلہ حسن  
مادری زبان تولو  
پیشہ ورانہ زبان ہندی ، انگریزی ، تمل ، تولو ، مراٹھی  
اعزازات
 افسر برائے فنون و مراسلہ (2012)
 فنون میں پدم شری   (2009) 
دستخط
 
ویب سائٹ
ویب سائٹ باضابطہ ویب سائٹ 
IMDB پر صفحات 

کالج کے زمانہ طالبعلمی کے دوران اس نے کچھ ماڈلنگ کے کام کیے اور پھر ٹیلی ویژن اشتہارات میں جلوہ گر ہوئی کچھ ہی دنوں میں ایشوریا نے مس انڈیا مقابلہ حسن میں حصہ لیا اور دوسرے نمبر پر رہی۔ اس کے بعد 1994 میں مس ورلڈ کا تاج ایشوریا کے سر سجایا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی اسے فلموں میں کام کرنے کی پیشکشیں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔ اس نے اپنی ادا کارانہ زندگی کی سب سے پہلی جلوہ گری 1997 میں مانی رتنام کی تمل فلم اریووار میں کی۔ ایشوریا کی سب سے پہلی ہندی فلم اور پیار ہو گیا تھی جو اسی سال یعنی 1997 میں ریلیز ہوئی۔ ایشوریا کی پہلی کمرشل کامیابی 1998 میں تمل رومانی ڈراما جینز سے ہوئی اور اس کے بعد اس کی کامیابی کا افق پھیلتا چلا گیا اس نے 1999 میں ہم دل دے چکے صنم اور 2002 میں دیوداس جیسی بہترین فلمیں کیں جن پر اسے فلم فیئر میں بہترین اداکارہ کے دو ایوارڈ آف پرفارمنس عطا کیے گئے۔

ایشوریا نے 2000 میں تمل رومانی فلم کندوکوندین کندوکودین میں ایک انتہائی جذباتی اور عشق سے بھر پور کردار ادا کیا جس پر اسے انتہائی انتقادی تعریف و ستائش ملی۔ اس کے علاوہ 2003 میں بنگالی فلم چھوکر بالی میں رابندر ناتھ ٹیگور کی بینودنی کا کردار ادا کیا، 2004 میں ڈراما رین کوٹ میں ایک افسردہ و درماندہ عورت کا کردار ادا کیا، 2006 میں برطانوی ڈراما فلم پروووکڈ میں کرنجیت آہلو والیا، 2010 میں ڈراما گزارش میں نرس کے کردار نبھائے۔ ایشوریا کی سب سے بڑی کمرشل کامیابیوں میں ، 2000 میں آنے والی رومانی فلم محبتیں ،2006 میں ایڈوینچر فلم دھوم 2، 2008 میں تاریخی رومانوی فلم جودھا اکبر ، 2010 میں سائنس فکشن فلم انتھیرین اور 2016 کا رومانی ڈراما اے دل ہے مشکل شامل ہیں۔

ایشوریا نے 2007 میں ابھیشک بچن سے شادی کر لی جس سے اس کی ایک بیٹی ہے۔پردہ سیمیں کے علاوہ ایشوریا بہت سے فلاحی تنظیموں کی برانڈ ایمبیسیڈر ہے۔ وہ ایڈز کے لئےاقوام متحدہ کے مشترکہ پروگرام (UNAIDS) کی خیر سگالی سفیر بھی ہے۔سال 2003 میں وہ پہلی بھارتی خاتون اداکارہ تھی جو کینیس فلم فیسٹیول کی جیوری میں شامل تھی۔

ابتدائی زندگی اور ماڈلنگ

ایشوریا یکم نومبر 1973 کو بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر منگلور میں تولو بولنے والے تولووا بنت گھرانے میں پیدا ہوئی۔ اس کا والد آرمی میں بیالوجسٹ تھا جس کا انتقال 18 مارچ 2017 کو ہوا۔اس کی والدہ گھریلو خاتون ہیں ۔ ایشوریا کا ایک بڑا بھائی ادیتیا رائے ہے جو مرچنٹ نیوی میں انجینئر ہے۔ایشوریا کی فلم دل کا رشتہ کی شریک مصنفہ اس کی ماں اور شریک پروڈیوسر اس کا بھائی تھا یہ فلم 2003 میں بنی تھی۔ یہ خاندان ممبئ منتقل ہو گیا جہاں ایشوریا نے آریا ودیا مندر ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ایشوریا نے ایک سال تک انٹرمیڈیٹ جے ہند کالج میں پڑھا اور پھر ڈی جی روپرل کالج ماتنگا چلی گئی جہاں اس نے نوے فیصد نمبروں کے ساتھ امتحان پاس کیا۔

اس نے بارہ برس کی عمر سے پانچ سال تک کلاسیکل رقص اور موسیقی کی تعلیم حاصل کی۔ اس کا پسندیدہ مضمون زوالوجی تھا لہذا شروع میں اس نے طب کا شعبہ اپنانے کے بارے میں سوچا۔ لیکن بعد میں اسے آرکیٹیکٹ بننے کا شوق ہوا تو اس نے رچنا سنسد اکیڈمی آف آرکییٹکچر میں داخلہ لے لیا، لیکن بعد میں ماڈلنگ کے کیریئر کو وقت دینے کے لیے آرکیٹکچر کی یہ تعلیم ادھوری چھوڑ دی۔

ایشوریا نے 1991 میں فورڈ کے زیر اہتمام ہونے والا سپر ماڈل مقابلہ جیتا اور امریکی فیشن میگزین ووگ کی خصوصی اشاعت میں شائع ہوئی۔ مشروب ساز کمپنی پیپسی کی 1993 کی اشتہاری مہم میں اداکار عامر خان اور اداکارہ ماہیما چودھری کے ساتھ جلوہ گر ہوئی اور بے حد عوامی مقبولیت حاصل کی۔ اس اشتہار میں اس کا یک سطری مکالمہ” ہائی، میں سنجنا ہوں “ (Hi, I'm Sanjana,") اسے شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔ سال 1994 میں مس انڈیا مقابلہ حسن میں سشمیتا سین کے مقابل دوسرے نمبر پر رہی اور مس انڈیا ورلڈ کا تاج سر پر سجایا۔ ایشوریا نے مزید پانچ اعزازت بھی حاصل کیے جن میں مس کیٹ واک، مس مراکلس، مس فوٹوجینک، مس پرفیکٹ ٹین اور مس پاپولر شامل ہیں۔ مس یونیورس میں سشمیتا سین کے ساتھ فرسٹ رنر اپ کی حیثئت سے شمولیت کے سات ساتھ ایشوریا نے اسی سال سن سٹی جنوبی افریقہ میں ہونے والے مقابلہ حسن مس ورلڈ میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے اس نے تاج حسن جیت لیا اور وہیں اسے مس فوٹو جینک کے ایوارڈ کے ساتھ مس ورلڈ کانٹینینٹل کوئین آف بیوٹی ایشیا اینڈ اوشیانا کا بھی خطاب و اعزاز دیا گیا۔ ان فتوحات کے بعد لندن میں ایشوریا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اس ایک سالہ دور میں عالمی امن کے لیے کام کرنا چاہتی ہے کہ یہ اس کا ایک دیرینہ خواب اور خواہش ہے کہ وہ امن کی سفیر کے طور پر کام کرے۔ ایشوریا نے اداکاری کی شروعات تک بحیثیت ماڈل کام جاری رکھا۔

حوالہ جات

  1. اجازت نامہ: CC0
  2. The World's Most Beautiful Woman?
  3. Jatras, Todd (9 March 2001). "India's Celebrity Film Stars". Forbes. Archived from the original on 20 February 2017. Retrieved 3 September 2001.
    This article is issued from Wikipedia. The text is licensed under Creative Commons - Attribution - Sharealike. Additional terms may apply for the media files.