نسخۂ کامل
نسخۂ کامل (facsimile) سائنس کی ایک انتہائی اہم اور جدید ایجاد ہے جس کو بعید ابلاغیات (telecommunications) کی طرزیات (technology) میں کسی بھی دستاویز یا کسی بھی شبیہ کی نقل بمطابق اصل یعنی نسخۂ کامل کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کو مختصراً صرف نسخہ (Fax) بھی کہا جاتا ہے۔

انگریزی کا لفظ Fax جیسا کہ اوپر بیان آیا کہ facsimile کا اختصار ہے جو بذات خود ایک لاطینی لفظ fac simile سے ماخوذ لفظ ہے جس میں شامل دونوں الفاظ کے معنی مرکب کیے گئے ہیں۔ fac کا مطلب بنانے یا نقل کا ہوتا ہے اور simile کہتے ہیں ہو بہو یا بمطابق اصل کو یعنی ملا کر سمجھا جائے تو یوں کہا جاسکتا ہے کہ نقل مطابق اصل یا نسخۂ کامل اور یہیں سے اس کا اردو متبادل ساخت کیا گیا ہے یعنی یہ ایک خود ساختہ لفظ ہے جو اردو میں ناپید ایک سائنسی آلے کے لیے ڈھالا گیا ہے۔
بیان
ایک جدید آلۂ نسخہ یعنی fax machine اپنی ساخت میں عام طور پر ایک مِفراس تصویر (image scanner) اور ایک تضمیلاصہ (modem) رکھنے کے ساتھ ساتھ ایک طابعہ یا چھاپگر (جو فوارہ سیاہی (inkjet)، حراری (thermal) یا لیزر قسم کا ہو سکتا ہے) بھی رکھتا ہے۔ مفراس وہ بنیادی چیز ہوتی ہے جو ایک نسخۂ کامل میں کسی دستاویز پر لکھے ہوئے یا طبع شدہ الفاظ یا کسی تصویر کو اس کی مضاہی صفت سے اس کو ایک رقمی (digital) صفت میں بدل دیتی ہے اور پھر تضمیلاصہ ان رقمی بیانات کو خطوط ھاتف (telephone line) کے ذریعے سے ایک ھاتف سے دوسرے ھاتف تک منتقل کر دیتا ہے۔