فارغ بخاری

فارغ بخاری (پیدائش: 11 نومبر، 1917ء - وفات: 13 اپریل، 1997ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو، ہندکو اور پشتو زبان کے ممتاز شاعر، نقاد، محقق اور صحافی تھے۔

فارغ بخاری
پیدائش سید میر احمد شاہ
11 نومبر 1917(1917-11-11)ء

پشاور، برطانوی ہندوستان (موجودہ پاکستان)
وفات 13 اپریل 1997(1997-40-13) (عمر  79 سال)

پشاور، پاکستان
قلمی نام فارغ
پیشہ شاعر، نقاد، محقق، صحافی
زبان اردو، پشتو، ہندکو
نسل پٹھان
شہریت پاکستانی
موضوع شاعری، تنقید، خاکہ، سوانح، تحقیق، صحافت
ادبی تحریک ترقی پسند تحریک
نمایاں کام ادبیات سرحد
زیر و بم
شیشے کے پیراہن
پیاسے ہاتھ
پشتو لوک گیت
اہم اعزازات صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی

حالات زندگی

فارغ بخاری 11 نومبر، 1917ء کو پشاور، برطانوی ہندوستان (موجودہ پاکستان) میں پیدا ہوئے۔[1][2][3][4] ان کا اصل نام سید میر احمد شاہ تھا۔ فارغ بخاری جس اسکول میں پڑھتے تھے اس کے پرنسپل خاکسار تحریک کے بانی علامہ عنایت اللہ مشرقی تھے، ان کی تربیت علامہ عنایت اللہ مشرقی جیسی قد آور شخصیت کے زیرِ سایہ ہوئی تھی۔[5]ابتدا ہی سے ادب کی ترقی پسند تحریک سے وابستہ رہے اور اس سلسلے میں انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں[3]۔ فارغ بخاری نے رضا ہمدانی کے ہمراہ رسالہ سنگ میل نکالا۔ہندکو رائٹرز سوسائٹی جب قائم ہوئی تو فارغ بخاری کو اس سوسائٹی کا پہلا صدر چنا گیا۔[6] انہوں نے انجمن ترقی پسند مصنفین صوبہ سرحد، عالمی امن کمیٹی کے سیکریٹری کے علاوہ پاکستان رائٹرز گلڈ کی مرکزی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیے۔[7] انہوں نے رضا ہمدانی کے ہمراہ پشتو زبان و ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے بیش بہا کام کیا۔ وہ رضا ہمدانی اور اولیں ناشر اعلانِ قیام پاکستان مصطفیٰ علی ہمدانی کے بہنوئی تھے۔ ان کی رضا ہمدانی کے ساتھ مشترکہ تصانیف میں ادبیات سرحد، پشتو لوک گیت، سرحد کے لوک گیت، پشتو شاعری اور پشتو نثر شامل ہیں۔ ان کے شعری مجموعوں میں زیرو بم، شیشے کے پیراہن، خوشبو کا سفر، پیاسے ہاتھ، آئینے صدائوں کے اور غزلیہ کے نام سرفہرست تھے۔ ان کی نثری کتب میں شخصی خاکوں کے دو مجموعے البم، مشرقی پاکستان کا رپورتاژ، برات عاشقاں اور خان عبدالغفار خان کی سوانح عمری باچا خان شامل ہیں۔[3]

تصانیف

  • خوشحال خان کے افکار (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • خوشحال خان خٹک (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • پشتو شاعری (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • رحمان بابا کے افکار (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • رحمان بابا (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • پٹھانوں کے ارمان (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • آیاتِ زندگی
  • عورت کا گناہ (افسانے)
  • باچا خان (خان عبد الغفار خان کی سوانح حیات)
  • اٹک کے اُس پار (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • پشتو لوک گیت (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • پشتو ڈراما
  • بے چہرہ سوال (نظمیں )
  • غزلیہ (غزلیں)
  • ادبیات سرحد جلد سوم (بہ اشتراک رضا ہمدانی)
  • البم (ترقی پسند مصنفین کے خاکے)
  • دوسرا البم (خاکے)
  • ہندکو زبان کا ارتقا
  • اقبال پر خوشحال کا اثر
  • نویاں راواں (ہندکو شاعری کا انتخاب)
  • کالی تہپ (ہندکو شاعری کا مجموعہ)
  • برات عاشقاں (مشرقی پاکستان کے سفر کا رپورتاژ)
  • شیشے کا پیراہن (شاعری)
  • خوشبو کا سفر (شاعری)
  • پیاسے ہاتھ (شاعری)
  • محبتوں کے نگار خانے (شاعری)
  • زیر و بم (شاعری)
  • آئینے صداؤں کے (شاعری)
  • اندیشۂ شہر (انتخاب کلام مرزا محمود سرحدی)

فارغ بخاری کے شخصیت و فن پر تحقیقی مقالات

فارغ بخاری: احوال و آثار (پی ایچ ڈی مقالہ)، ضیاء الرحمٰن، پشاور یونیورسٹی، 2005ء

نمونۂ کلام

اشعار

جب درد جگر میں ہوتا ہے تو دوا دیتے ہیں رک جاتی ہیں جب نبضیں تو دُعا دیتے ہیں
کوئی پوچھے تو سہی اِن چارہ گروں سے فارغ جب دل سے دھواں اُٹھے تو کیا دیتے ہیں

شعر

فقیہہِ شہر کا سکہ ہے کھوٹا مگر اس شہر میں چلتا بہت ہے

غزل

کچھ اب کے بہاروں کا بھی انداز نیا ہےہر شاخ پہ غنچے کی جگہ زخم کھلا ہے
دو گھونٹ پلا دے کوئی مے ہو کہ ہلاہلوہ تشنہ لبی ہے کہ بدن ٹوٹ رہا ہے
کل اس کو تراشو گے توپوجے کا زمانہپتھر کی طرح آج جو راہوں میں پڑا ہے

غزل

تری خاطر یہ فسوں ہم نے جگا رکھا ہےورنہ آرائشِ افکار میں کیا رکھا ہے
ہے ترا عکس ہی آئینۂ دل کی زینتایک تصویر سے البم کو سجا رکھا ہے
برگ صد چاک کا پردہ ہےشگفتہ دل سےقہقہوں سے کئی زخموں کو چھپا رکھا ہے
اب نہ بھٹکیں گے مسافر نئی نسلوں کےکبھیہم نے راہوں میں لہو اپنا جلا رکھا ہے
کس قیامت کا ہے دیدار ترا وعدہ شکندلِ بے تاب نے اک حشر اٹھا رکھا ہے
کوئی مشکل نہیں پہچان ہماری فارغ اپنی خوشبو کا سفر ہم نے جدا رکھا ہے

غزل

دیکھ کر اس حسین پیکر کونشہ سا آ گیا سمندر کو
ڈولتی ڈگمگاتی سی ناؤپی گئی آ کے سارے ساگر کو
خشک پیڑوں میں جان پڑ گئیدیکھ کر روپ کے سمندر کو
کوئی تو نیم وا دریچوں سےدیکھے اس رتجگے کے منظر کو
ایک دیوی ہے منتظر فارغ وا کئے پٹ سجائے مندر کو

اعزازات

فارغ بخاری کو ان کی گراں قدر خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان نے 1994ء میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی کا اعزاز عطا کیا۔[3]

وفات

فارغ بخاری 13 اپریل، 1997ء کو پشاور، پاکستان وفات پا گئے۔[2][3][4]

حوالہ جات

This article is issued from Wikipedia. The text is licensed under Creative Commons - Attribution - Sharealike. Additional terms may apply for the media files.