طفیل احمد جمالی

طفیل احمد جمالی (پیدائش: 1919ء - 12 اگست، 1974ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو زبان کے نامور صحافی، شاعر، مزاح نگار اور ادیب تھے۔ انہوں نے انجام کراچی، نگار کراچی، مجید لاہوری کے جریدے نمکدان اور چین باتصویر (بیجنگ-China Pictorial) کی ادارت کے فرائض انجام دیے۔

طفیل احمد جمالی
پیدائش طفیل احمد جمالی
1919ء
بنارس، برطانوی ہندوستان
وفات اگست 12، 1974(1974-08-12)ء
کراچی، پاکستان
آخری آرام گاہ سخی حسن قبرستان، کراچی
پیشہ صحافی، شاعر، ادیب، مزاح نگار
زبان اردو
قومیت پاکستانی
نسل بلوچ
تعلیم بی اے
مادر علمی الہٰ آباد یونیورسٹی
اصناف ادارت، افسانہ
موضوع نظم، غزل، کالم، افسانہ، مزاح

حالات زندگی

طفیل احمد جمالی 1919ء کو بنارس، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے[1][2][3]۔ انہوں نے جامعہ الہٰ آباد سے بی اے کیا۔ ابتدا میں انہوں نے دہلی کے مختلف اخبارات کے لیے جز وقتی کام کیا، بعد ازاں منشور نامی اخبارسے وابستہ ہو گئے۔ تقسیم ہند کے بعد وہ پاکستان منتقل ہو گئے اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔ یہاں روزنامہ جنگ سے وابستہ ہو گئے۔ جب میاں افتخار الدین نے امروز کو کراچی سے چراغ حسن حسرت کی ادارت میں شائع کیا تو طفیل احمد نے امروز میں پہلا درویش کے نام سے فکاہیہ کالم لکھنا شروع کیا۔ ان کے ملکی حالات و سیاست کے ساتھ ساتھ سماجی برائیوں پر ان کے فکاہیہ کالم بہت مشہور ہوئے۔ امروز کی کراچی سے بندش کے بعد انہوں نے فلموں کے لیے گیت اور مکالمے تحریر کیے[2]۔ ہمایوں مرزا نے اپنی فلم بڑے آدمی میں ان سے گانے لکھوائے جن کو گانے کے لیے ممبئی سے مبارک بیگم کو بلوایا گیا، خصوصاً گیت سن لو رنگیلے جوانو اور ایک غزل آسماں والے تیری دنیائے فانی دیکھ لی موت آساں ہو گئی بہت مشہو ہوئی۔ سلیم احمد کی فلم راز کے گانے بھی انہوں نے تحریر کیے تھے جس میں زبیدہ خانم کا گاناچھلک رہی ہیں مستیاں بہت مشہور ہوا۔[4]۔ اس کے علاوہ وہ نگار کراچی اور لیل و نہار کراچی سے وابستہ رہے۔ اسی دوران انہوں نے انجام کراچی اور چین با تصویر (بیجنگ) کی ادارت کے فرائض بھی انجام دیے۔[3]

اخبارات و جرائد کی ادارت

  • نگار کراچی
  • نمکدان
  • انجام کراچی
  • چین با تصویر بیجنگ

وفات

طفیل احمد جمالی 12 اگست، 1974ء کو کراچی، پاکستان میں انتقال کر گئے۔ وہ کراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔[1][2][3]

حوالہ جات

This article is issued from Wikipedia. The text is licensed under Creative Commons - Attribution - Sharealike. Additional terms may apply for the media files.