بریٹ لی
بریٹ لی (انگریزی: Brett Lee) (پیدائش: 8 نومبر 1976ء، وولنگانگ، نیو ساؤتھ ویلز ) آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایک کرکٹ کھلاڑی ہیں۔
آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے ہونے بعد بریٹ لی کو عالمی کرِکٹ کے تیز ترین تیز گیند بازوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ تیز رفتار ترین گیند کرانے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے بریٹ لی اور شعیب اختر میں عرصہ تک مسابقت رہی تاہم بریٹ لی اس اعزاز کو نہ پا سکے۔ اپنے پہلے دو سالوں میں اُنہوں نے 20 سے کم کی اوسط سے وکٹیں لیں، لیکِن اس کے بعد اب یہ اوسط 30 سے کچھ زیادہ ہے۔
وہ میدان میں ایک پھرتیلے فیلڈر کے علاوہ ایک کارآمد بلے باز کی حیثیت سے بھی جانے جاتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کا اوسط 20 سے زیادہ ہے۔
وہ ساتویں وکٹ کی شراکت میں مائیکل ہسی کے ساتھ سب سے زیادہ رنز (123) بنانے کا ایک روزہ مقابلوں کا قومی ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 2005-06ء میں بنایا۔
انہوں نے پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر 1999ء کو بھارت کے خلاف کھیلا جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پہلی بار 9 جنوری 2000ء کو پاکستان کے خلاف جلوہ گر ہوئے۔
آسٹریلیا کی قومی کرکٹ میں وہ نیو ساؤتھ ویلز کی ریاستی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہیں جبکہ انڈین پریمیئر لیگ میں وہ کنگز الیون پنجاب کا حصہ ہیں۔
21 نومبر 2009ء تک وہ 76 ٹیسٹ، 186 ایک روزہ بین الاقوامی اور 116 فرسٹ کلاس مقابلے کھیل چکے ہیں۔ ٹیسٹ مقابلوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 310، ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 324 اور فرسٹ کلاس مقابلوں میں 487 ہے۔ وہ ٹیسٹ مقابلوں میں 10 مرتبہ اننگ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں جبکہ ایک روزہ میں ان کے فی اننگ 5 یا زائد شکاروں کی تعداد 9 ہے۔ ٹیسٹ میں 30 رنز دے کر 5 وکٹیں، ون ڈے میں 22 رنز دے کر 5 وکٹیں اور فرسٹ کلاس میں 114 رنزدے کر 7 وکٹیں ان کی بہترین انفرادی کارکردگیاں ہیں۔
بلے بازی میں وہ ٹیسٹ مقابلوں میں اب تک 20.15 کی اوسط سے 1451 جبکہ ایک روزہ مقابلوں میں 16.30 کی اوسط سے 897 رنز بنا چکے ہیں۔ فرسٹ کلاس میں ان کا اوسط 18.59 اور رنز کی تعداد 2120 ہے۔ وہ ٹیسٹ میں 5 اور ایک روزہ مقابلوں میں 2 مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ ٹیسٹ میں ان کی سب سے بڑی انفرادی اننگ 64، ایک روزہ مقابلوں میں 57 اور فرسٹ کلاس میں 97 رنز ہے۔
بریٹ لی نے 2000ء میں ڈونلڈ بریڈ مین ینگ پلیئر کا اعزاز جیتا جبکہ ایک سال قبل وہ وزڈن کے سال کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ 2006ء میں وزڈن نے آپ کو سال کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا۔
آسٹریلیا کے سابق اور موجودہ ایک روزہ کھلاڑیوں کی جانب سے منتخب کی گئی "آسٹریلیا کے عظیم ترین ایک روزہ کرکٹ کھلاڑیوں " میں آپ کو منتخب کیا گیا۔
آپ بین الاقوامی کرکٹ انجمن (آئی سی سی) کے منعقدہ آئی سی سی ایوارڈز میں 2005ء اور 2006ء میں بہترین ایک روزہ کرکٹ ٹیم اور 2006ء میں بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز جیتنے والے آسٹریلوی دستے کے بھی رکن تھے۔
متعلقہ مضامین
- آسٹریلیا کرکٹ ٹیم
- رکی پونٹنگ
- گلین میک گرا
- شعیب اختر