وٹامن بی 12
وٹامن بی 12 جسے کوبالامن بھی کہتے ہیں، ایک پانی میں حل ہونے والا وٹامن ہے جو دماغ اور اعصابی نظام کی کارکردگی اور خون کے بننے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ یہ وٹامن بی کمپلیکس کے خاندان کا ایک رکن ہے۔ اس خاندان میں کل 8 وٹامن ہوتے ہیں۔

وٹامن بی 12 ڈی این اے کے بننے اور چربی اور پروٹین سے توانائی حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
سارے وٹامنوں میں وٹامن بی 12 کا مولیکیول سب سے زیادہ بھاری اور پیچیدہ ہوتا ہے۔ وٹامن بی 12 کے مولیکیول میں ایک کوبالٹ کا ایٹم موجود ہوتا ہے لیکن انسان جانور پودے اور فنگس کوبالٹ میسر ہونے پر بھی وٹامن بی 12 بنا نہیں سکتے۔ صرف چند بیکٹیریا اور آرکیا ہی یہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ وٹامن بی 12 تخلیق کر سکیں۔ یہ بیکٹیریا چرنے والے جانوروں کی آنتوں میں رہتے ہیں اور ان کے بنائے ہوئے وٹامن بی 12 جذب ہو کر ان جانوروں کے خون اور گوشت میں پہنچ جاتے ہیں۔ جب انسان جانوروں کو کھاتا ہے تو اسے بھی وٹامن بی 12 مل جاتا ہے۔
چونکہ وٹامن بی 12 پودوں میں بالکل نہیں پایا جاتا اس لیے سبزیاں اور پھل کھانے سے اس کی کمی پوری نہیں ہو سکتی۔ گوشت مچھلی نہ کھانے والے لوگوں میں یہ وٹامن دودھ یا انڈوں سے فراہم ہوتا ہے۔
